Saturday, April 20, 2024

جو بائیڈن کی فتح کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا

جو بائیڈن کی فتح کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا
December 15, 2020

واشنگٹن (92 نیوز)امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا، الیکٹورل کالج نے جو بائیڈن کی فتح پرمہرلگا دی، نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے وکٹری اسپیچ میں کہا ہے ، امریکا میں ایک بار پھر آئین اور قانون غالب آ گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تمام تر کوششوں کے باوجود الیکٹورل کالج نے جو بائیڈن کی فتح کی تصدیق کر دی، نو منتخب امریکی صدر کو عہدے کے لیے  درکار الیکٹورل ووٹ حاصل ہوگئے۔

اندازوں کے عین مطابق جو بائیڈن کو 306 جب کہ ٹرمپ کو 232 ووٹ ملے۔ الیکٹورل کالج کے مطابق رواں برس کوئی ’’بے ایمان‘‘ ووٹ نہیں پڑا ۔  نیواڈا، جارجیا، پنسلوینیا، ایری زونا، مشی گن اور وسکونسن نے باضابطہ طور پر جو بائیڈن کو منتخب کر لیا۔

کیلیفورنیا کے 55 ووٹوں نے بائیڈن کو ’’وننگ لائن‘‘ پار کرائی۔ اگلے مرحلے میں الیکٹورل کالج کے ووٹ کانگریس کو بھجوائے جائیں گے۔ امریکی نائب صدر کی سربراہی میں ایوان کا مشترکہ سیشن6 جنوری کو الیکٹورل ووٹوں کی گنتی کرے گا۔ نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن 20 جنوری کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

دوسری جانب الیکٹورل کالج نتائج کے بعد جو بائیڈن نے وکٹری اسپیچ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں امریکی عوام کی خواہش غالب رہی۔ امریکا میں ایک بار پھر آئین اور قانون غالب آ گیا۔