Sunday, May 12, 2024

جو بائیڈن کو تاحال کئی عالمی رہنماؤں نے کامیابی کی مبارکباد نہ دی

جو بائیڈن کو تاحال کئی عالمی رہنماؤں نے کامیابی کی مبارکباد نہ دی
November 10, 2020

واشنگٹن (92 نیوز) جو بائیڈن نے انتخابی معرکہ تو اپنے نام کر لیا ہے اور وہ امریکا کے 46 ویں صدر بھی بن گئے ہیں،تاہم کئی عالمی رہنماؤں نے ابھی تک کامیابی کی مبارک باد نہیں دی۔

دنیا کے سب سے طاقتور شخص کا انتخاب ہو گیا ،  نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی کامیابی کے بعد عالمی رہنماؤں نے انہیں مبارکباد دی ہے تاہم کئی شخصیات کی جانب سے ابھی تک انہیں مبارک باد نہیں دی گئی۔

چار سال قبل روسی صدر پیوٹن ان اولین رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن میں جیت کی مبارکباد دی تھی لیکن اس بارجو بائیڈن کی جیت کے بعد ان کی جانب سے کوئی ٹویٹ یا فون کال نہیں کی گئی۔ روسی حکام کا کہنا ہے اس تاخیر کی وجہ ٹرمپ کی جانب سے کچھ ریاستوں میں نتائج کو قانونی طور پر چیلنج کیا جانا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے صدر ٹرمپ کو 2016 میں کامیابی کے اگلے روز ہی  مبارکباد دی تھی تاہم اس مرتبہ چین نے امریکا کے صدارتی انتخابات پر پر کوئی بھی ردعمل نہیں دیا۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق بیجنگ امریکا کی قانونی کارروائی کے دوران صرف ایک ناظر کا کردار ادا کرے گا۔