Saturday, May 11, 2024

جو بائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر بن گئے، امریکی کانگریس کی الیکٹورل ووٹوں کی توثیق

جو بائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر بن گئے، امریکی کانگریس کی الیکٹورل ووٹوں کی توثیق
January 7, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر بن گئے۔ امریکی کانگریس نے جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی توثیق کر دی، ڈیموکریٹک امیدوار نے 538 میں سے 306 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے۔ 

ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات بے کار گئے، حامیوں کا ہنگامہ بے سود رہا۔ امریکی کانگریس نے صدارتی انتخابات کے نتائج کی توثیق کر دی۔

امریکی کانگریس نے ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو ملنے والے 306 الیکٹورل ووٹوں کی توثیق کر دی۔ ریپبلکن ارکان کی جانب سے نتائج پر اٹھائے گئے اعتراضات کو بھی عوامی نمائندوں کی اکثریت نے رد کر دیا۔

کانگریس کی توثیق کے بعد جو بائیڈن آئینی طور پر امریکا کے 46 ویں صدر قرار پائے ہیں۔ کمیلا ہیرس کے نائب صدر بننے کی بھی توثیق کر دی گئی۔

جو بائیڈن 20 جنوری کو امریکا کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ کمیلا ہیرس بھی اسی روز اپنے عہدے کا حلف لیں گی۔