Thursday, March 28, 2024

جو آفس نہیں جائے گا وہ وزارت سے جائے گا ، وزیراعظم عمران خان

جو آفس نہیں جائے گا وہ وزارت سے جائے گا ، وزیراعظم عمران خان
December 14, 2018
پشاور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا کہ جو آفس نہیں جائے گا وہ وزارت سے جائے گا۔ شیلٹر ہوم کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تمام وزرا کو دفاتر جانا چاہیے، پھر نہ کہنا وزارت چلی گئی۔ انہوں نے کہا اب ڈر نہیں کسی وزیر کو نکالا تو فارورڈ بلاک بن جائے گا۔ عمران خان نے کہا ن لیگ نے الیکشن جیتنے کیلئے ترقیاتی فنڈ کا سہارا لیا تھا۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے 35 کروڑ روپے سفر پر خرچ کئے لیکن ہم نے پہلے کی طرح روایتی سیاسی طریقے اختیار نہیں کئے۔ ضمنی انتخاب میں کامیابی کے لیے ہم نے اربوں روپے کے فنڈز نہیں دئیے۔ انہوں نے کہا خیبرپخونخوا حکومت نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ عوام نے اچھی سوچ کو ووٹ دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا پنجاب کے سب سے پسماندہ علاقے کے نمائندے کو وزیر اعلیٰ بنایا۔ مجھے عثمان بزدار اور محمود خان پر بھروسہ ہے۔ محمود خان کو شیلٹر ہاؤس بنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا جب سے پاکستان بنا اسلامی ریاست کا نام سنتے آیا ہوں۔ غریب اور امیر میں فرق بڑھتا جارہا ہے۔ کبھی کسی کو پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے بارے میں نہیں دیکھا۔ جو امیر کو امیر اور غریب کو غریب بنائے، وہ فلاحی ریاست کیسے بنے؟۔ انہوں نے کہا کبھی کسی نے نظام کو تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ جب انگریز گیا تو اسپتال کا نظام ٹھیک تھا۔ نچلے طبقے کو اوپر لانے کے لیے کسی نے نہیں سوچا۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے عمران خان ہمیشہ غریبوں کیلئے سوچتے ہیں، صوبے میں میرٹ اور گڈگورننس لائے۔ آزاد ادارے قائم کیے۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے اسکول جانے والے 5 کروڑ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ترجیح ہے۔ 65 ہزار نئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔