Thursday, April 25, 2024

جنید خان نے منہ پر ٹیپ لگی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کردی

جنید خان نے منہ پر ٹیپ لگی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کردی
May 21, 2019
لاہور ( 92 نیوز) جنید خان نے ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر نکالے جانے پر  احتجاج کرتے ہوئے منہ پر ٹیپ لگی تصویر ٹوئٹر پر شیئرکردی ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے  فاسٹ باؤلر جنید خان  نے ورلڈ کپ اسکواڈ سے نکالے جانے پر خاموش احتجاج ریکارڈ کروا دیا ۔ اپنی ایک تصویر ٹویٹ کی  جس میں انکے منہ پر ٹیپ لگی نظر آرہی ہے ، انہوں نے لکھا میں کچھ نہیں کہنا چاہتا کیونکہ سچ کڑوا ہوتا ہے ۔ جنید خان  کو ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم انگلینڈ کے خلاف سیریز میں دومیچوں میں وہ 142رنز دیکر صرف دو وکٹیں حاصل کرسکے، متاثرکن کارکردگی نہ دکھانے پر انکی جگہ وہاب ریاض ٹیم کا حصہ بن گئے ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فوری طور پر جنید خان  کے خلاف کوئی ایکشن نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جنید  نے اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کردی ہے  ۔ ادھر سوشل میڈیا پرکچھ صارف جنید  کے حامی توکچھ انکی مذمت کرتے  نظر آئے، مہک شاہد کاکہنا تھا جنید  اس لئے سلیکٹ نہیں ہوئے کیونکہ انکے پاس پرچی نہیں تھی جبکہ ارسلان سونو نے لکھا حسنین کو جنید پر ترجیح دینا درست نہیں۔ عبید عباسی نے لکھا جنید خان نے مایوس کیا، محمود شیرازی نے لکھا یہ فاسٹ بالرزکاشیوہ نہیں۔