Saturday, April 20, 2024

جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ، آرمی چیف کا دشمن کو دو ٹوک پیغام

جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ، آرمی چیف کا دشمن کو دو ٹوک پیغام
September 7, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمن کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ آرمی چیف نے یوم دفاع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بالاکوٹ کے ناکام حملے کا جواب دیا تاکہ دشمن غلط فہمی میں نہ رہے۔ کسی دھمکی میں آئیں گے نہ لچک کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ اسلحہ کے انبار سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ وقت ہمیں کئی بار آزما چکا، ہم ہر بار سرخرو ہوئے۔ آرمی چیف نے کہا ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں نیا چیلنج مسلط کیا گیا۔ اس کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بد نام کر کے انتشار پھیلانا ہے۔ ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں اور قوم کے تعاون سے جنگ ضرور جیتیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان ایک زندہ حقیقت ہے۔ ہمارا خون، جذبہ، عمل ہر محاذ پر گواہی دے گا۔ ہندوستان نے غیرذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے۔ کوئی شک نہیں جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، ہم کسی یکطرفہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا دنیا افواج پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے۔ پوری دنیا اور بالخصوص اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔ گزشتہ 20 سال بڑی آزمائش میں گزرے۔ پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔