Friday, April 19, 2024

جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو سپاہی مقبول حسین ستارہ جرات کو ہم سے بچھڑے ایک سال بیت گیا

جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو سپاہی مقبول حسین ستارہ جرات کو ہم سے بچھڑے ایک سال بیت گیا
August 28, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو سپاہی مقبول حسین ستارہ جرات کو ہم سے بچھڑے ایک سال بیت گیا ۔ قوم کے عظیم مجاہد اور پاکستان کے بہادر سپوت نے بھارتی قید میں 40 سال تک بدترین تشدد برداشت کیا۔ پاکستان کے عظیم بہادر سپوت اور جنگ 65ء کے ہیرو سپاہی مقبول حسین، ستارہ جرات اپنی جوانی ، خاندان ،رشتے ناطے ،دوست احباب سب دھرتی ماں پر قربان کر گئے ۔ پاکستان پر پوری زندگی نچھاور کر گئے  ۔ آزاد کشمیر رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے سپاہی مقبول حسین 1965 ء کی جنگ میں دشمن کے خلاف بے جگری اور بہادری سے لڑے  اور اس دوران شدید زخمی ہوئے۔ اُنہیں زخمی حالت میں بھارتی فوج نے جنگی قیدی بنایا۔ طبی امداد تو درکنار ، اُنہیں وحشیانہ بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔ سپاہی مقبول نے بھارتی درندوں کے ہاتھوں اپنی زبان کٹوا لی لیکن کسی قومی راز سے پردہ نہ اُٹھایا ۔ عقوبت خانے کی دیواروں پر اپنے خون سے بار بار پاکستان زندہ باد لکھنا، سپاہی مقبول کی مادر وطن سے لازوال محبت کی دلیل تھی۔ سپاہی مقبول حسین  چار دہائیاں بھارتی قید میں ظلم وتشدد سہنے ، ناقص خوراک اور قید تنہائی گزارنے کے بعد جسمانی اور ذہنی طور پر انتہائی کمزور ہو چکے تھے ۔ یہ عظیم مجاہد 40 سال بعد بھارتی قید سے آزاد ہو کر 2005ء میں وطن واپس لوٹا ۔ سپاہی مقبول حسین کو اُن کی گراں قدر خدمات ،عظیم جرات و بہادری ، وطن کی مٹی کی عظمت اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے زندگی کا ہر لمحہ قربان کرنے پر 2009ء میں ستارہ جرات سے نواز ا گیا۔ سپاہی مقبول حسین کچھ ہی عرصہ بعد شدید علیل رہنے لگے۔ وطن کا یہ قابل فخر سپوت اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر 28 اگست 2018ء کو اٹک میں جہان فانی سے کوچ کر گیا۔ آپ کی آخری آرام گاہ آبائی علاقے ناڑیاں، تراڑکھل، آزاد جموں و کشمیر میں واقع ہے۔