Friday, April 26, 2024

جنوبی کورین عدالت نے صدر کےمواخذے کیلئے پارلیمانی فیصلے کی توثیق کردی

جنوبی کورین عدالت نے صدر کےمواخذے کیلئے پارلیمانی فیصلے کی توثیق کردی
March 10, 2017
  سیئول (ویب ڈیسک) کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہائے کو لے  ڈوبا ۔ ملک کی اعلیٰ عدالت نے صدر کے مواخذے کیلئے پارلیمانی فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔ تفصیلات کےمطابق جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہائے کے خلاف آج آئینی عدالت میں سماعت  ہوئی ۔ اس دوران عدالت کے قائم مقام سربراہ لی جونگ می کا کہنا تھا کہ منتخب صدر نے لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی جو کہ ناقابل برداشت ہے اس جرم پر عدالت انہیں برطرف کرتی ہے۔ لاکھوں لوگوں کے احتجاج ، شمالی کوریا سے کشیدگی اور عدالتی فیصلے سے ملک میں سکیورٹی کی صورتحال انتہائی کشیدہ  ہو چکی ہے کوریائی پولیس سربراہ کے مطابق کیس کی سماعت کے دورن سکیورٹی سخت رہی اور عدالت کے باہر پانچ ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کئے گئے۔ دوسری جانب عدالت میں سماعت سے قبل لاکھوں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور صدر کی حمایت اور مخالفت میں احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ اس موقع پر مظاہرین نے جنوبی کوریا اور امریکہ کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور صدر پارک کی حمایت اور مخالفت میں خوب نعرے بازی بھی کی گئی۔ لاکھوں شہریوں کے سڑکوں پر نکلنے سے دارالحکومت سیئول کا نظام درہم برہم ہوگیا۔