Tuesday, May 21, 2024

جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی بھی ناراضی کے لیے پر تولنے لگے

جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی بھی ناراضی کے لیے پر تولنے لگے
January 20, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے بعد جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی بھی ناراضی کے لیے پر تولنے لگے۔ بیس سے زائد پی ٹی  آئی ارکان نے الگ گروپ بھی بنا لیا۔ رکن اسمبلی سردار شہاب کا کہنا ہے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے گروپ بنایا۔ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، اگلا الیکشن بھی پی ٹی آئی سے لڑیں گے۔ پنجاب حکومت میں اتحادی بھی صورتحال سے پریشان ہیں۔ مسلم لیگ ق نے آٹا بحران پر فوری قابو پانے کا مطالبہ کر دیا۔ چودھری مونس الہٰی نے ٹویٹ کیا پاکستان مسلم لیگ عوام کی تکلیف پر چپ نہیں بیٹھ سکتی ۔ وزیراعلیٰ کی تبدیلی اور اتحادیوں کی ناراضی کی چہہ مگوئیوں پر گورنر پنجاب نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ کہیں جارہے ہیں نہ ہی اتحادیوں کی طرف سے کوئی تحفظات سامنے آئے۔ وفاق میں تحریک انصاف کو ایم کیو ایم، بی این پی مینگل اور جی ڈی اے ارکان کی طرف سے پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت کی اتحادی جماعتیں مطالبات پورے نہ ہونے پر دور جاتی دکھائی دے رہی ہیں۔