Tuesday, April 16, 2024

جنوبی پنجاب میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی

جنوبی پنجاب میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی
April 16, 2019

لاہور (92 نیوز) جنوبی پنجاب میں  طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ، ژالہ باری سےگندم کی تیارفصل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

جنوبی پنجاب  میں طوفانی بارشوں سےگندم کی تیارفصل کوشدید نقصان پہنچا جب کہ  چھتیں اور دیواریں گرنےکے واقعات میں 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 سالہ بچی جان کی بازی ہا رگئی ، گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں شدید آندھی کے بعد بجلی کی فراہمی معطل رہی  ۔ چھتیں ، دیواریں گرنے سےخانیوال میں بچے سمیت 4افراد جاں بحق ،24زخمی ہوئے ۔

حاصل پور میں بھی چارشہری  لقمہ اجل بن گئے جب کہ  چشتیاں میں 11 ،شجاع آبادمیں پرانا تھانہ سٹی کی عمارت گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے ۔

قصور،شیخوپورہ،سرگودھامیں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ، رینالہ خوردبائی پاس پر بس  کی ریسکیو کی گاڑی کو ٹکر سے چار اہلکار زخمی ہو گئے ۔

آسمانی بجلی گرنے سے اوکاڑہ کے پپلی پہاڑ جنگل میں آگ بھڑک اٹھی۔

ملتان اور گرد و نواح میں تیز آندھی اور بارش سےبجلی کا نظام درہم برہم  ہوا ، درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے ، فیصل آباد میں بھی  آندھی سے سائن بورڈ اور بجلی کے پول اکھڑ گئے۔

بہاولنگر،ہارون آباد،فورٹ عباس،حاصل پور میں تیز بارش،ژالہ باری بھی ہوئی، ڈیرہ غازی خان میں طوفانی بارش کے بعدفلڈ کنٹرول سنٹر قائم کردیا گیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چیچہ وطنی، وہاڑی،میلسی، علی پور،منڈی یزمان،جھنگ، نوشہروفیروز،سکھر، چارسدہ،نوشہرہ میں بھی بادل کھل کے برسے جس سے جل تھل ایک ہوگیا۔ سبی میں شدید بارش کے بعد دریائے ناڑی،بولان اور لہڑی میں طغیانی ، ڈی آئی خان کی تحصیل ٹانک میں  بھی سیلاب کاخطرہ پیدا ہو گیاجب کہ  بھاری مشینری ہیڈ زام پہنچا دی گئی۔