Sunday, April 28, 2024

جنوبی پنجاب میں آم کی پیداوار میں 40 فیصد کمی کا خدشہ

جنوبی پنجاب میں آم کی پیداوار میں  40 فیصد کمی کا خدشہ
June 2, 2020

ملتان  ( 92 نیوز) ملتان   سمیت جنوبی پنجاب میں   اس سال آم کی پیداوار میں چالیس فیصد کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ، کم پیداوار کے باعث بیوپاریوں نے بھی باغبانوں سے معاہدے ختم کر دیے،جس کے باعث آم کے کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان کاخدشہ ہے۔

رواں سال جنوبی پنجاب میں بے موسمی بارشوں ، آندھیوں اور تیلے کی بیماری نے آم کی فصل کو نشانے پر لئے رکھا ، جس سے آم کی فصل 40 فیصد کم ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے - بیوپاریوں نے بھی فصل کی کمی کو جواز بنا کر آم کے باغات ٹھیکے پر لینے کے معاہدے منسوخ کر دیے ہیں ،  جس پر کاشتکار شدید پریشانی سے دوچار اور ریلیف کے منتظر ہیں -

گزشتہ سال پنجاب بھر میں 13 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار حاصل ہوئی تھی ، جبکہ رواں سال 8 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار ہی ممکن ہو سکے گی - جس پر کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑے گا -

کورونا وائرس کے پیش نظر عالمی صورتحال یونہی خراب رہی تو آم کی ایکسپورٹ بھی بری طرح متاثر ہو گی -