Thursday, May 2, 2024

جنوبی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں بارے اجلاس ، پسماندہ اضلاع کیلئے ترقیاتی پیکیج پر بریفنگ

جنوبی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں بارے اجلاس ، پسماندہ اضلاع کیلئے ترقیاتی پیکیج پر بریفنگ
October 29, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جنوبی بلوچستان کے پسماندہ اضلاع کیلئے مجوزہ ترقیاتی پیکیج پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید  ،وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود ، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق  ،وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی ، وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکورٹی سید فخر امام کی بھی شرکت ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر ، وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان ، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا ، مشیر برائے کامرس عبدالرزاق داؤد ، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ معاون خصوصی ثانیہ نشتر ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف کی خصوصی شرکت ہوئی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر ، صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند ، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹرز صاحبان اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں جنوبی بلوچستان، خصوصاً خضدار، آوران، چاغی، خاران، واشک، لسبیلہ، گوادر، پنجگور اور تربت  کے پسماندہ اضلاع کے لیے تجویز کردہ ترقیاتی پیکیج کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ جنوبی بلوچستان کے لیے سڑکوں، توانائی، پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ڈیم، تعلیم، صحت، زراعت، مویشی، ماہی گیری اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا جنوبی بلوچستان پچھلے ادوار میں نظر انداز رہا جس کی وجہ سے وہاں کے لوگوں کو غربت اور پسماندگی کا سامنا رہا۔ ہماری حکومت نے بلوچستان کی ترقی کو اولین ترجیح دی تاکہ یہ خطہ ملک کے باقی علاقوں کی طرح ترقی کرے۔ گوادر بندرگاہ خاص اہمیت کی حامل ہے جو ملکی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ وزیر اعظم جلد جنوبی بلوچستان کا دورہ کریں گے اور وہاں کے عوام کے لیے جامع ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے اور اس پیکچ میں شامل منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔