Friday, April 19, 2024

جنوبی ایشیائی ممالک میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی

جنوبی ایشیائی ممالک میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی
July 14, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز ) جنوبی ایشیائی ممالک نیپال، بھارت اور بنگلادیش میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، بجلی گرنے، سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ سے درجنوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔ ادھر امریکا میں بھی سمندری طوفان بیری نے ہر شے کو تہس نہس کرڈالا ہے۔ نیپال میں مون سون بارشوں نے خوفناک صورتحال اختیار کرلی، سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے سے پچاس کے قریب افراد لقمہ اجل ہوچکے ہیں، قدرتی آفت کی وجہ سے دس لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ بھارتی ریاست آسام بھی مون سون بارشوں کی تباہ کاریاں کی زد میں آچکی ہے ، دریائے براہماپترا میں طغیانی آنے سے اٹھارہ سو دیہات ڈوب چکے ہیں ، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد دس تک جاپہنچی ہے۔ مون سون بارشوں نے بنگلادیش کے علاقے کاکس بازار میں بھی قیامت ڈھادی ہے، جس کی وجہ سے روہنگیا پناہ گزینوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ بجلی گرنے، سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ سے ملک بھر میں سولہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ادھر سمندری طوفان بیری امریکی ریاست لوزیانا کے ساحلی علاقوں میں تباہی مچادی ہے، تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارشوں سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ ایک لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہیں ، ریاست میں ایمرجنسی نافذ ہے۔