Monday, September 16, 2024

جنوبی ایشیا سمیت پاکستان النینو طوفان کے زیراثر، محکمہ موسمیات کی چاروں صوبوں میں شدید بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی

جنوبی ایشیا سمیت پاکستان النینو طوفان کے زیراثر، محکمہ موسمیات کی چاروں صوبوں میں شدید بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی
March 9, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) جنوبی ایشیا اور پاکستان میں موسمی طوفان النینو نے جاتے جاتے کام دکھانا شروع کر دیا۔ محکمہ موسمیات نے چاروں صوبوں میں شدید بارشوں اور طوفانوں کی پیشگوئی کر دی۔ 92 نیوز نے تو عالمی سائنسدانوں کی تحقیقات کی روشنی میں گزشتہ ماہ ہی النینو طوفان کی نشاندہی کر دی تھی۔ اس وقت موسم کا حال بتانے والے ادارے نہ صرف چین کی بانسری بجا رہے تھے بلکہ موسم کی خوشگواری کی نوید بھی سنا رہے تھے لیکن حقیقت سے منہ نہیں موڑا جا سکتا۔ اب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی ایشیا سمیت پاکستان النینو طوفان کے زیراثر ہے جس کی وجہ سے رواں ماہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں شدید بارشوں اور طوفانوں کا خطرہ ہے۔ شدید بارشوں کا زیادہ خطرہ بلوچستان میں ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کے دن بلوچستان کے علاقے زوب، سبی، کوئٹہ، قلات، مکران اور نصیر آباد میں شدید بارشوں اور طوفان کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا میں جمعہ اور ہفتہ کے دن شدید بارشوں کا امکان ہے جس سے دریائوں میں طغیانی سے سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔ میٹ آفس نے پنجاب اور کشمیر کے جنوب مغربی اور بالائی علاقوں میں جعمہ کی رات کو شدید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مقامی انتظامیہ اور صوبائی این ڈی ایم کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ بارشوں اور طوفانوں سے متوقع جانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔