Friday, April 26, 2024

جنوبی ایران کے علاقے آہواز میں ملٹری پریڈ کے دوران فائرنگ ، گیارہ افراد ہلاک

جنوبی ایران کے علاقے آہواز میں ملٹری پریڈ کے دوران فائرنگ ، گیارہ افراد ہلاک
September 22, 2018
دبئی (92 نیوز) جنوبی ایران کے علاقے آہواز میں ملٹری پریڈ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں  گیارہ افراد ہلاک جبکہ ساٹھ زخمی ہو گئے۔ جنوبی ایران کا علاقہ آہواز گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا۔ ملٹری پریڈ کے دوران دہشتگرد گروہ کی فائرنگ کئی معصوم افراد کی جان لے گئی۔ واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیاگیا۔ حملہ1980-1988 تک  جاری رہنے والی ایران عراق جنگ کے 30 سال مکمل ہونے منعقدہ خصوصی پریڈ کے دوران کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق فائرنگ فوجی وردی میں ملبوس چار دہشتگردوں کی جانب سے کی گئی جس کے بعد علاقے میں خوف سے بھگدڑ مچ گئی۔ حملے کے بعد فوج نے فوری کاروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ دو کو حراست میں لے لیا۔ ایرانی حکام کے مطابق حملہ آوروں کا نشانہ فوجی اہلکار تھے۔ ایران نے حملے کی ذمہ داری غیرملکی قوتوں پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملٹری پریڈ پر حملے کے پیچھے خطے میں دہشتگردوں کی معاونت کرنیوالوں اور انکے امریکی سردار کا ہاتھ ہے۔