Wednesday, April 24, 2024

جنوبی امریکی ریاستوں میں سماجی انصاف کیلئے چالیس روزہ مارچ کا آغاز، مارچ ایڈمنڈ پیٹس برج سے ہوا

جنوبی امریکی ریاستوں میں سماجی انصاف کیلئے چالیس روزہ مارچ کا آغاز، مارچ ایڈمنڈ پیٹس برج سے ہوا
August 2, 2015
الاباما (ویب ڈیسک) شہری حقوق کی عملبردار تنظیم نے امریکا میں نسلی عدم مساوات اور ناانصافیوں پر توجہ مبذول کرانے کیلئے ملک کی جنوبی ریاستوں میں چالیس روزہ مارچ شروع کر دیا ہے۔ مارچ کا آغاز الاباما کے شہر سلما میں ریلی کے انعقاد سے کیا گیا۔ سیاہ فام امریکیوں کی ترقی کی علمبردار تنظیم کا کہنا ہے کہ پچھلے سال پولیس کے ہاتھوں غیرمسلح افریقی امریکیوں کی ہلاکتوں کے بعد نسلی تعلقات کیلئے قومی مکالمے کی تجدید ضرورت ہے۔ مارچ کے شرکا جارجیا، ساؤتھ کیرولینا، شمالی کیرولینا اور ورجینیا سے ہوتے ہوئے سولہ ستمبر کو واشنگٹن پہنچیں گے۔ منتظمین نسلی ناانصافی، پولیس نظام، تعلیم، گرفتاریوں، ووٹ کے حقوق اور آمدنی میں عدم مساوات جیسے مسائل پر توجہ مبذول کرائیں گے۔ سلما میں مارچ تاریخی ایڈمنڈ پیٹس برج سے شروع کیا گیا جہاں شروع ہونیوالی پرامن تحریک کی بدولت سیاہ فاموں کو ووٹ سمیت دیگر شہری حقوق ملے تھے۔ مارچ کے شرکا نے سماجی انصاف کے حوالے سے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جبکہ آزادی اور شہری حقوق کے ترانے گنگناتے ہوئے چل رہے تھے۔