Wednesday, April 24, 2024

جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے زخمی سعود شکیل کی جگہ آصف علی ٹیم میں شامل

جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے  سیریز کیلئے زخمی سعود شکیل کی جگہ آصف علی ٹیم میں شامل
March 25, 2021

لاہور (92 نیوز) جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو نے والے سعود شکیل کی جگہ آصف علی کو ون ڈے کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین سعود شکیل بائیں ٹانگ میں انجری کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہوئے۔ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کے دوران گریڈ ون ٹیئر کی انجری کا شکارہوگئے تھے۔

سلیکشن کمیٹی نے ٹیم منیجمنٹ کی مشاورت کے بعد آصف علی کو بطور متبادل کھلاڑی  قومی ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرلیا۔ آصف علی پہلے ہی جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

سعود شکیل زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں لہٰذا وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے۔ اگر وہ 12 اپریل سے قبل مکمل صحتیاب ہو گئے تو وہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل بقیہ 10 ارکان کے ہمراہ ہرارے روانہ ہوجائیں گے۔