Friday, May 10, 2024

جنوبی افریقن ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 5وکٹوں سے شکست دیدی

جنوبی افریقن ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 5وکٹوں سے شکست دیدی
February 9, 2020
ویلنگٹن (ویب ڈیسک )نیوزی لینڈ کے دورے پر آئی جنوبی افریقین ویمن ٹیم نے تیسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 154 رنز کا ہدف جنوبی افریقن ٹیم نے 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،اوپنر ریچل پریسٹ اور کپتان صوفیا ڈیوائن نے 35 رنز کی شراکت داری قائم کی  جہاں چھٹے اوور کی پانچویں گیند پر ریچل پریسٹ  ، ایابونگا خاکا کی گیند پر شبنم اسماعیل کو کیچ تھما بیٹھیں ، انہوں نے 19 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے ۔ اوپنر اور کپتان صوفیا ڈیوائن  نے ٹاپ آرڈر سوزی بیٹز کے ساتھ مل کر  جارحانہ انداز اپنایا اور 77 رنز بنائے ، ان کی اننگز 7چوکوں اور چار چھکوں سے مزین تھی ، وہ  تیرہویں اوور کی چوتھی گیند پر سیونی لیئوس کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں ۔ ٹاپ آرڈر سوزی بیٹز 23 رنز بنا کر رن آؤٹ  ،میڈی گرین اور لورین ڈوون 6،6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایابونگا خاکا اور سیونی لیئوس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔ جنوبی افریقن ٹیم نے 154 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا۔ جنوبی افریقی ٹیم ابتداء میں کھیل اچھا پیش نہ کر سکی ،فی اوور 8 اسکور درکار تھے لیکن  پہلے اوور میں صرف دو اسکور بن سکے ،دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر اوپنر لارا وولورڈٹ کیچ آؤٹ ہو گئیں، انہوں نے صرف ایک اسکور بنایا ۔ اسی اوور کی دوسری گیند پر وائیڈ گیند باؤنڈری پار کر گئی جس کی بدولت جنوبی افریقی ٹیم کو پانچ اسکور ملے ، اس اوور میں کل 8 اسکور ملے اور اوور کے اختتام پر جہاں 16 اسکور ہونے چاہئے تھے وہاں ایک وکٹ کے نقصان پر 10 رنز ہی تھے ۔ تیسرے اوور میں جنوبی افریقی کڑیوں نے میچ جیتنے کیلئے جان لڑائی اور تین چوکوں کی مدد سے 14 اسکور بنا کر میچ میں واپسی شروع کی ۔ چوتھے اوور میں 9،پانچویں میں پانچ اسکور بنے اور مطلوبہ اوسط اسکور 8 سے کم ہو کر 7.60 پر آگیا۔ چھٹے اوور کی دوسری گیند پر میریزین کیپ کیچ آؤٹ ہو گئیں ،انہوں نےتین چوکوں کی مدد سے  20 اسکور بنائے ۔ چوتھے نمبر پر بلے بازی کیلئے آنیوالی  کپتان وین نائیکرک نے اسی اوور کی پانچویں گیند پر چھکا جڑ  کر دباؤ کو کم کردیا۔ ساتویں اوور میں 4 بنے جبکہ آٹھویں اوور کی پانچویں  گیند پر  اوپنر لیزلی  لی آؤٹ ہو گئیں ، انہوں نے 18 گیندیں کھیل کر 18 رنز بنائے ۔ ساؤتھ افریقہ کی ٹیم نے 14ویں اوور کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا لئے تھے ۔ جبکہ 6 اوورز میں 9 کی اوسط سے  54 رنز درکار تھے ۔ پندرہویں اوور میں ایک وکٹ گری اور صرف 4 رنز بنے ،سولہویں اوور میں 10 رنز ،17ہویں میں پانچ  رنز بنے ۔اوور کے اختتام  پر جنوبی افریقی ٹیم کو جیت کے لئے 11.66 کی اوسط سے تین اوورز میں 35 رنز درکار تھے  اور ان کی 6 وکٹیں باقی تھیں۔ اگلے اوور میں چلوئے ٹریون نے پہلی گیند پر چوکا ، دوسری پر چھکا  لگا کر صورتحال بدل دی ، اس اوور میں کل 14 رن بنے ۔انیسویں اوور کی پہلی گیند خالی  گئی جبکہ دوسری پر  کپتان وین نائیکرک آؤٹ ہو گئیں ۔انہوں نے 40 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ تیسری گیند پر ٹریون نے دو ، چوتھی پر ایک رن بنایا ۔ پانچویں گیند پر لیئوس نے ایک رن بنایا جبکہ اوور کی آخری گیند پر ٹریون نے چھکا جڑ کر  صورتحال پھر بدل دی ۔ انیسویں اوور کے اختتام پر جنوبی افریقہ کی ٹیم 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 143رنز بنا چکی تھی ، انہیں فتح کیلئے ایک اوور میں 11 رنز درکار تھے ۔ بیسویں اوور کی پہلی گیند پر لیئوس نے دو، دوسری پر ایک رن بنایا۔ تیسری گیند پر ٹریون نے چھکا لگایا  اور چوتھی پر سنگل لی  اور اسکور نیوزی لینڈ کے برابر یعنی 153 کر دیا۔اوور کی پانچویں گیند پر لیئوس نے ایک رن بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ چلوئے ٹریون  16 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں سیئونی  لیئوس نے  چار گیندوں  پر پانچ رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں ۔