Sunday, September 8, 2024

جنسی تشدد بچوں کی نفسیات پر بہت برا اثر ڈالتا ہے اور اسکی ذہنی صلاحیت متاثر ہوتی ہے: ماہرین نفسیات

جنسی تشدد بچوں کی نفسیات پر بہت برا اثر ڈالتا ہے اور اسکی ذہنی صلاحیت متاثر ہوتی ہے: ماہرین نفسیات
August 10, 2015
لاہور (92نیوز) جنسی تشدد ایک ایسا موضوع ہے جس پر گفتگو کرنا ہمارے معاشرے میں برا تصور کیا جاتا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ یہ بے حد ضروری ہے کہ بچے جانتے ہوں کہ ایسے مواقع پر انہیں کیا کرنا ہے اور کیسے اپنے آپ کو محفوظ رکھنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بچوں کے ساتھ جنسی تشدد ایک چھپایا جانے والا مسئلہ ہے۔ حال ہی میں 92نیوز نے قصور میں بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی تشدد کے سکینڈل کو عوام کے سامنے لانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ بچوں کو جنسی تشدد سے بچانے کیلئے ماہرین کا کہنا ہے کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کیساتھ مسلسل رابطہ اور ان سے دوستانہ رویہ رکھیں کیونکہ یہ سب سے موثر ہے۔ والدین کو یہ بھی چاہیے کہ بچوں کی مصروفیات اوران کے دوستوں پر نظر رکھیں۔ بچوں کو سمجھانا چاہیے کہ کوئی پریشان کرے تو والدین کو بلا خوف بتائیں۔ ماہرین نفسیات کے مطابق جنسی تشدد بچوں پر ایسے نفسیاتی زخم چھوڑ جاتا ہے جس سے بچہ ڈپریشن کا شکار ہو جاتا ہے اور اس کی ذہنی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ جن بچوں کیساتھ جنسی تشدد ہوتا ہے وہ اندھیروں میں ڈوب جاتے ہیں اور ان کا مستقبل تباہ ہو جاتا ہے۔ دنیا کی قوموں کا مستقبل اور قیمتی سرمایہ بچے ہیں، جب تک بچوں کو ایک محفوظ اور خوشحال ماحول نہیں ملے گا تب تک کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔