Friday, March 29, 2024

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی
November 29, 2016

اسلام آباد (92نیوز) راولپنڈی میں پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس  میں نئے آرمی چیف نے کمان کی چھڑی سنبھال لی۔ تقریب میں وزیردفاع، اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت بھی شریک ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ پاک فوج کے 16ویں سربراہ بن گئے۔ کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہاکی اسٹیڈیم جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی جس میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ میجر حارث نے جنرل راحیل شریف کو اعزازی گارڈ کے معائنے کی دعوت دی جس کےبعد جنرل راحیل شریف ان کے ساتھ چلتے ہوئے جوانوں کے سیلوٹس کا جواب دیتے رہے اور پریڈ کا معائنہ کیا۔

سبکدوش ہونے والے جنرل راحیل شریف نے کمان کی چھڑی جنرل قمر باجوہ کے حوالے کی۔ جنرل قمر باجوہ نے جنرل راحیل کا شکریہ ادا کیا اور نعرہ تکبیر بھی لگایا۔

چینج آف کمان کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ سلامی کے چبوترے پر آگئے اور اختتامی پریڈ کا معائنہ کیا۔

تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، نیول اور ایئر چیف سمیت اسپیکر قومی اسمبلی، سیاسی و عسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔