Thursday, May 9, 2024

جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت ، ایران نے قدیم روایتی طرز میں جنگ کا اعلان کردیا

جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت ، ایران نے قدیم روایتی طرز میں جنگ کا اعلان کردیا
January 6, 2020
تہران ( 92 نیوز) ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت  پر مسجد جمکران پر سرخ پرچم لہرا کر قدیم روایتی طرز میں جنگ کا اعلان کر دیا ۔ ایران کی جانب سے  مسجد جمکران پر سرخ پرچم لہرادیا گیا ہے ، سرخ پرچم کا لہرانہ باقاعدہ جنگ کا اعلان ہوتا ہے ، اس سے قبل مسجد جمکران پر ہمیشہ  سبز پرچم لہراتا رہا ہے ۔ ایران کے اہم ترین کمانڈر اور القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک امریکی فضائی حملے میں گزشتہ مارے گئے ، حملے میں عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولر موبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس بھی ہلاک ہو گئے ۔ دونوں کی گاڑی کو ہوائی اڈے کی طرف جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔ پینٹاگون نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انھیں صدارتی حکم کے مطابق نشانہ بنایا گیا تاکہ مستقبل میں ایرانی حملوں کے منصوبوں کو روکا جا سکے ۔ ایران کی خبر رساں ایجنسی فارس پر نشر ہونے والے ایک بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ امریکی صدر ٹرمپ نے جنرل سلیمانی کی ہلاکت کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر امریکی جھنڈے کی تصویر لگائی۔ جنرل سلیمانی کی ہلاکت پر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے شدید ردعمل دیا تھا ،  انہوں نے اپنے بیان میں امریکی اقدام کو عالمی دہشت گردی قرار دیا  اور کہا کہ جنرل سلیمانی پرحملہ کر کےامریکا نےانتہائی خطرناک اور بے وقوفانہ اقدام کیا ہے، اپنی سرکش مہم جوئی کے نتائج کی ذمے داری امریکا خود اٹھائے گا۔