Friday, April 19, 2024

جنرل قاسم سلیمانی کی تہران میں نماز جنازہ ادا

جنرل قاسم سلیمانی کی تہران میں نماز جنازہ ادا
January 6, 2020
تہران ( 92 نیوز) امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی تہران میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، نماز جنازہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے پڑھائی۔ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی میت اہوار اور مشہد سے ہوکر تہران پہنچائی گئی جہاں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی، اس موقع پر صدر حسن روحانی سمیت لاکھوں افراد موجود تھے۔ ایران نے 2015 کے جوہری معاہدے سے دستبرداری کا اعلان بھی کردیا ہے ، وزیر خارجہ جواد ظریف نے اسے اپنی حکومت کا پانچواں اور آخری اصلاحی قدم قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اب سنٹری فیوجز کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں رہی، تاہم ایران جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ امریکی صدر ایران کے بعد عراق کو بھی دھمکیاں دینے پر آگئے ہیں ، کہتے ہیں اگر بغداد نے امریکی فوجیوں کو نکلنے کا حکم دیا تو اس پر ایران سے بھی سخت پابندیاں عائد کردیں گے۔ عراق نے امریکی دھمکیوں کے بعد اقوام متحدہ میں اس کے خلاف باضابطہ شکایت دائر کردی جس میں جنرل سلیمانی پر حملے اور عراق میں قواعد کے خلاف امریکی فورسز کی موجودگی کو ملکی خود مختاری کی شدید خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ عراقی دارالحکومت مسلسل دوسری رات بھی دھماکوں سے گونجتا رہا، بغداد کے گرین زون میں نو راکٹ گرے، جس کی زد میں آکر چھے افراد زخمی ہوئے ہیں۔