Friday, April 26, 2024

جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین منگل کے روز ان کے آبائی شہر میں کی جائیگی

جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین منگل کے روز ان کے آبائی شہر میں کی جائیگی
January 5, 2020
تہران ( 92 نیوز) امریکی حملے میں  جاں بحق  جنرل قاسم سلیمانی کا جسد خاکی بغداد سے ایران پہنچا دیا گیا،لاکھوں افراد نے  جنازے کے جلوس میں شرکت کرکے مقتول  جنرل کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قدس فورس کے سربراہ کی تدفین منگل کو انکے آبائی شہر میں کی جائے گی۔ ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی میت عراق سے ایرانی شہر اہواز پہنچائی گئی، ایرانی پرچم میں لپٹے تابوت کو شہر کی سڑکوں سے گزارا گیا۔ اپنے جنرل کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لاکھوں افراد سیاہ لباس زیب تن کرکے باہر نکلے۔جنہوں نے امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ بعد میں جسد خاکی کو قافلے کی صورت میں مشہد لایا گیا جہاں سے وہ دارالحکومت تہران جائے گی ،قاسم سلیمانی کی  تدفین منگل کو ان کے آبائی شہر کرمان میں کی جائے گی۔ امریکا نے جنرل قاسم سلیمانی کو جمعہ کے روز بغداد ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ کرکے  قتل کردیا تھا، ان کی عراق میں متعدد مقامات پر نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں عراقی وزیراعظم عادل عبد المہدی سمیت لاکھوں افراد شریک ہوئے تھے۔