Thursday, April 25, 2024

جنرل قاسم سلیمانی آبائی شہر کرمان میں سپرد خاک

جنرل قاسم سلیمانی آبائی شہر کرمان میں سپرد خاک
January 7, 2020
تہران ( 92 نیوز) امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے جنرل قاسم سلیمانی کو آبائی شہر کرمان میں سپرد خاک کردیا گیا ، ایرانی پارلیمنٹ نے امریکی فورسز اور پنٹاگون کو دہشتگرد قرار دے دیا، وزیرخارجہ جواد ظریف کہتے ہیں جنرل سلیمانی کا قتل ٹرمپ کی بےوقوفی ہے ، پاسدران انقلاب نے ناقابل فراموش بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔ آنسو ، سسکیوں، آہوں کے بیچ جنرل قاسم سلیمانی کو سپردخاک کردیا گیا،آبائی شہر کرمان میں بھی جرنل سلیمانی کی نماز جنازہ میں لاکھوں سیاہ پوش افراد شریک ہوئے جو ایرانی پرچم اور جنرل سلیمانی کی تصاویر اٹھا کر مرگ بر امریکا کے نعرے لگاتے رہے۔ جنرل سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایران بھر میں ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں، جن میں لاکھوں افراد شریک ہورہے ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ میں امریکی فورسز اور دفاعی ادارے پنٹاگون کو دہشت گرد قرار دینے کی قرار داد پیش کی گئی، جسے بھاری اکثریت سے منظور کرلیا گیا ۔ پارلیمنٹ میں قدس فورس کیلئے بائیس کروڑ ڈالر سے زائد کا بجٹ بھی مختص کیا گیا ہے ، جس کا مقصد ملکی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ جنرل سلیمانی کو قتل کرنا ٹرمپ کی حماقت ہے ، امریکا کو لازمی تکلیف دہ ردعمل دیا جائے گا ، تاہم خطے کیلئے ایران امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ پاسدران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حیسن سلامی نے جنرل سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا ہم قاتلوں سے سخت اور ناقابل فراموش بدلہ لیں گے، ایرانی سیکورٹی کونسل کے چیف علی شمخانی کے مطابق امریکا کے خلاف کارروائی کیلئے تیرہ آپشنز کو منتخب بھی کیا جاچکا ہے۔