Thursday, May 9, 2024

جنرل سلیمانی کی ہلاکت ٹرمپ کی خطرناک حماقت  ، امریکی سیاستدانوں، دانشور وں کا رد عمل

جنرل سلیمانی کی ہلاکت ٹرمپ کی خطرناک حماقت  ، امریکی سیاستدانوں، دانشور وں کا رد عمل
January 6, 2020
واشنگٹن ( 92 نیوز) ایرانی جنرل سلیمانی  پر امریکی حملے نے جہاں دنیا کو ایک خوفناک جنگ کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے ، امریکی سیاست دان،دانشور اور مبصرین نے ٹرمپ کے اس اقدام کو خطرناک حماقت قرار دے  دیا ۔  عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی جنرل کو مار کر ’جوا ‘کھیلا ہے۔بازی الٹی پڑ گئی تو بساط ہی الٹ جائے گی۔ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت سے خطے پر جنگ کے بادل چھا گئے۔امریکی اقدام کو دنیا تیسری عالمی جنگ  کا پیش خیمہ قرار دے رہی ہے۔ مشرق وسطیٰ تیل کے ذخائر پر کھڑا ہے ایک چنگاری پورے خطے کو روئی کے گالوں کی طرح اڑا سکتی ہے۔خلیجی ممالک میں غیر یقینی کی فضا بن چکی ہے، سرحدوں پر ہائی الرٹ ہے  اور لڑاکا طیاروں کی پٹرولنگ شروع ہوچکی ہے۔ عالمی تجزیہ کاروں اور امریکی میڈیا نے امریکی صدر ٹرمپ کے اقدام کو جوا قرار دے دیا ہے اگر بازی الٹی پر گئی تو ساری بساط ہی الٹ سکتی ہے۔ٹرمپ پر امریکہ میں ہی شدید تنقید جاری ہے۔ امریکی صدارتی امیدوار اور سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ ایران پر حملہ عراق جنگ سے زیادہ تباہ کن ہوگا۔ کانگریس کی خواتین ارکان الہان عمر اور رشیدہ طلیب کی جانب سے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ الہان عمر کا کہنا ہے کہ کیا بدحواسی کی یہ حرکت مواخذےسےتوجہ ہٹانےکےلیےکی گئی؟،اورکانگریس کی اجازت لیےبغیرممکنہ طورپر ایک اور جنگ چھیڑدی گئی ہے۔ رشیدہ طلیب کا کہنا ہے کہ سرکش صدر امریکا کوغیرضروری جنگ کےدہانےپرلے آئے ہیں ۔ امریکہ کی سابق نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سوسن رائس کا کہنا ہے کہ ایرانی جنرل پر حملہ امریکی مفادات کی خدمت نہیں بلکہ امریکی مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا ہے۔ ٹرمپ کے اس اقدام کی ٹائمنگ امریکی میڈیا میں زیر بحث ہے ، اس وقت جب امریکی صدر مواخذے کی کارروائی کا سامنا کررہے ہیں اس وقت ایران سے کشیدگی معنی خیز ہے۔۔ایساہی صدر کلنٹن بھی ماضی میں کر چکے ہیں۔ ایران اور امریکہ کی جنگ سے دنیا کا بھی نقشہ بدل جائے گا ، امریکی میڈیا کے مطابق ایران نے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے ، مشرق وسطی میں امریکی شہری،سفارتکار،فوجی اور عسکری اڈے ایران کی رینج میں ہیں، ٹرمپ نے ان کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں ہیں۔ ابھی ایران کا ردعمل نہیں آیا اور تیل کی قیمتوں میں 4فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔۔جنگ شروع ہوگئی تو عالمی معیشت بھی بیٹھ جائے گی۔عالمی تجارت کے لئے سمندری اور بری کوئی راستہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ٹرمپ نے اپنی چال تو چل دی ہے لیکن ایران کا ردعمل جو آئے گا۔۔اس سے اقوام عالم میں نئی صف بندیاں ہونگی اور تیسری عالمی جنگ کی جانب پہلا قدم ہوگا۔