Friday, May 3, 2024

جنرل راحیل کے دور میں پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہو گیا : وزیراعظم

جنرل راحیل کے دور میں پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہو گیا : وزیراعظم
November 24, 2016

اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کا خاندان ملکی دفاعی خدمات کیلئے جانا جاتا ہے۔ وزیراعظم جنرل راحیل شریف کو غیرمعمولی قابلیت کی بنا پر آرمی چیف مقرر کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا جنرل راحیل شریف نے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنے بڑوں کی روایات کو پروان چڑھایا۔ انہوں نے ہمیشہ جنرل راحیل شریف کے اسٹریٹجک مشوروں کو اپنایا۔ جنرل راحیل شریف نے محنت اور لگن سے خود کو بہترین سپہ سالار ثابت کیا۔

اس سے پہلے آرمی چیف جنرل راحیل شریف الوداعی عشایئے کے لیے وزیراعظم ہاوس پہنچے تو ان کا شایان شان استقبال کیا گیا۔ آرمی چیف نے بھی اس اہم موقع پر انتہائی خوشگوار موڈ میں استقبال کرنے والوں سے مصافحہ کیا۔ پھر وزیراعظم میاں نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔

اس دوران بھی وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔ مختصرملاقات کے بعد وزیراعظم اور آرمی چیف عشایئے والے ہال میں پہنچے اور مہمانوں کے ساتھ گھل مل گئے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اور ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل عبدالقادر بلوچ کے ساتھ کافی دیر تک محو گفتگو رہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہال میں موجود وفاقی وزرا خواجہ آصف‘ رانا تنویر اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ بھی مصافحہ کیا اور ہلکی پھلکی گفتگو بھی کی۔