Thursday, September 19, 2024

جنرل باجوہ نے امریکی دھمکیوں کا ڈٹ کر جواب دیا، برطانوی تھنک ٹینک

جنرل باجوہ نے امریکی دھمکیوں کا ڈٹ کر جواب دیا، برطانوی تھنک ٹینک
February 17, 2018

لندن (92 نیوز) برطانوی تھنک ٹینک نے اپنی جاری کردہ رپورٹ میں کہا کہ جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر قیادت فوج امریکی دھمکیوں کا موثر جواب دے رہی ہے ۔
برطانیہ کے معروف تھنک ٹینک رائل یونائٹڈ سروسز کی تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ وہی دھمکیاں دے رہی ہے جو سابق امریکی صدر جارج بش نے پرویز مشرف کو دی تھیں ۔ اب وہ دن چلے گئے جب امریکا پاکستان کو ڈرا دھمکا کر مقاصد پورے کرتا تھا ۔ اب جو سوچ کار فرما ہے وہ باجوہ ڈاکٹرائن کہلاتی ہے جس میں واضح کہا گیا کہ پاک فوج کو نہیں بلکہ دنیا کو ڈو مور کرنا چاہیے ۔
رپورٹ میں سابق سی آئی اے افسر مِلٹ بئیرڈن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ افغانستان میں مسائل کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا سراسر غلط ہے اور جنرل باجوہ نے ٹرمپ کی ٹویٹ سے قبل ہی واضح کر دیا تھا کہ پاکستان کے ڈومور کا وقت ختم ہو چکا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے افغانستان سے متعلق اپنے وعدے پورے کیے لیکن ٹرمپ کی ٹویٹ اور اس کے بعد کیے جانے والے اقدمات حقیقت کے برخلاف ہیں ۔ ٹرمپ کی ٹویٹ کے بعد پاکستان کو احساس ہو گیا کہ ستر سال تک امریکا پر اعتماد کرنا درست نہیں تھا ۔ پاکستان کے پاس جنگ کی مکمل صلاحیت اور لاجسٹک سپورٹ موجود ہے ۔ پاک فوج امریکی امداد میں کٹوتی اور سرحد پار سے امریکی دراندازی سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ۔
رپورٹ میں سابق امریکی جرنیلوں اور افسران کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان کی مدد کے بغیر دہشتگردی کیخلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی تھی ۔ وہ پاک فوج ہی تھی جس نے نیٹو ممالک سے زیادہ مدد فراہم کی ۔