Thursday, April 25, 2024

جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں چوتھی سالانہ پیغام اسلام کانفرنس کا انعقاد

جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں چوتھی سالانہ پیغام اسلام کانفرنس کا انعقاد
April 14, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں چوتھی سالانہ پیغام اسلام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

 کانفرنس میں صدر مملکت  عارف علوی، وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری  سمیت  علما و مشائخ  نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ امام کعبہ الشیخ عبد اللہ عواد الجہنی نے تلاوت کلام پاک سے کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کیا۔

 پیغام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا اسلام ہمدردی اور مساوات کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان نے افغان مہاجرین کو پناہ دے کر دنیا کو بتایا کہ انسانیت کیا ہوتی ہے۔ افغان مہاجرین کی تیسری اور چوتھی نسل بھی پاکستان میں موجود ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں ہم نے 70 ہزار سے زائد قربانیاں دیں۔ دنیا پاکستانی فوج کو خراج تحسین پیش کرے۔

 وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے بھی کانفرنس کے شرکا سے خطاب کیا۔ مسلم امہ کے اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملکر لوگوں کے درمیان یکجہتی کیلئے کوشش کرنی چاہیے۔ منبرو محراب سے صفائی کے حوالے سے پیغام جانا چاہیے۔