Thursday, April 18, 2024

جناح اسپتال کے میڈیکل بورڈ کی نواز شریف کی انجیوگرافی کی تجویز

جناح اسپتال کے میڈیکل بورڈ کی نواز شریف کی انجیوگرافی کی تجویز
February 18, 2019
 لاہور (92 نیوز) جناح اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے بھی نواز شریف کی انجیوگرافی کی تجویز دے دی۔ کوٹ لکھپت جیل کے قیدی نواز شریف کا جناح اسپتال میں چوتھا روز ہے۔ شہبازشریف بڑے بھائی کی عیادت کے لیے پہنچے توجناح اسپتال میں کارکنوں نے استقبال کیا اور نعرے لگائے۔ مریم نواز کی اسپتال میں آمد کے موقع پر بھگدڑ کی وجہ سے اسپتال میں کوریڈورکا دروزہ ٹوٹ گیا جبکہ صحافیوں کو سکیورٹی گارڈز کی جانب سے خوب دھکم پیل کا بھی سامنا رہا۔ ذرائع کے مطابق سروسز کے بعد جناح اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے بھی نواز شریف کی اینجیوگرافی کی تجویز دی ہے۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹرعارف تجمل نے کہا کہ نوازشریف کی ساری رپورٹس محکمہ داخلہ کو بھجوا دی ہیں۔ ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹرعاصم حمید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے روٹین کے تمام بلڈپریشر اور شوگر ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ ادھر وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے وہ پہلے ڈاکٹر بعد میں سیاست دان ہیں۔ نواز شریف کی سروسز اسپتال منتقلی کا انہوں نے کہا نواز شریف ضد کر کے جیل گئے۔ فیملی کے کہنے پر دوبارہ جناح اسپتال منتقل کیا۔ جناح اسپتال میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی موجودگی اور وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔