Thursday, March 28, 2024

وزیراعلی پنجاب نے ایم ایس جناح اسپتال کو معطل کر دیا

وزیراعلی پنجاب نے ایم ایس جناح اسپتال کو معطل کر دیا
January 4, 2017

لاہور (92نیوز) جناح اسپتال میں علاج کے لئے آنے والی خاتون کی فرش پر ہلاکت نے سوئے ارباب اختیار کو بھی جگا دیا۔ وزیراعلی پنجاب نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر ایم ایس کومعطل کردیا اور دیگر ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم بھی دے ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز جناح اسپتال میں جاں بحق ہونے والی قصور کی رہائشی زہرہ بی بی کو زمین پر لٹا کر علاج کرنے کے معاملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلی پنجاب کو پیش کردی گئی۔ رپورٹ میں واقعہ کا ذمہ دار میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر یوسف کو قرار دیا گیا ہے جس پر وزیراعلی نے ایم ایس کی فوری معطلی کاحکم دیا۔

شہبازشریف نے اعلی سطح اجلاس میں جناح ہسپتال میں مناسب علاج معالجہ نہ ملنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ غفلت، کوتاہی اور نااہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے واقعہ کے دیگر ذمہ داروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔ وزیراعلی پنجاب نے مریضہ کی موت پر افسوس کا اظہارکیا۔

خیال رہے کہ معطل ہونے والے ڈاکٹر ظفر یوسف کی بطور ایم ایس لیڈی ولنگڈن اسپتال تعیناتی کےدوران اسپتال کی سیڑھیوں میں ایک خاتون نے بچے کو جنم دیا تھا لیکن انکوائری کمیٹی کی تحقیقات کے باوجود ان کے خلاف کوئی ایکشن نہ ہوسکا تھا۔