Friday, March 29, 2024

جناح اسپتال میں بچے کو بنچ پر جنم دینےکا واقعہ، خاتون ذمہ دار قرار

جناح اسپتال میں بچے کو بنچ پر جنم دینےکا واقعہ، خاتون ذمہ دار قرار
August 25, 2018
لاہور( 92 نیوز)نئے پاکستان میں بھی ڈاکٹر اپنی  روایتی ہٹ دھرمی سے باز نہ آئے  ، لاہور کے جناح اسپتال میں  گزشتہ روز  بینچ پر  خاتون نے سہولیات نہ ملنے پر بچے کو جنم دےدیا۔ اسپتال انتظامیہ نے واقع پر تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق  متاثرہ خاتون کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ اسپتال کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق خاتون  اپنے شوہر کا انتظار کرتی رہی  اور انتظامیہ سے رجوع نہ کیا جس کے باعث معاملہ پیش آیا ۔ لاہور میں انسانیت کی تذلیل کا یہ پہلا واقع نہیں ہے،اس سے قبل بھی شہباز دور حکومت میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے قریب واقع رائیونڈ اسپتال میں ڈاکٹر نہ ہونے کے باعث بھٹہ مزدور کی بیوی نے ڈسڑکٹ اسپتال کے سامنے سڑک پر بچے کو جنم دیا تھا ۔ رائیونڈ واقعے کے چند ہی دنوں بعد لاہور کے بڑے اسپتالوں میں شامل سر گنگا رام اسپتال میں بھی ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور مناسب جگہ فراہم نہ کیے جانے پر خاتون نے اسپتال کے احاطے میں بچے کو جنم دیا تھا ۔ اگست 2018 میں خاتون نے ریسکیو ایمبولینس میں بچے کو جنم دے دیا کیونکہ تین مختلف اسپتالوں نے جن میں ڈی ایچ کیو قصور، جنرل اسپتال لاہور اور سروسز اسپتال لاہور نے لیبر روم میں جگہ نہ ہونے کے باعث خاتون کو داخل کرنے سے انکار کر دیا تھا ۔ اس سے قبل  کبھی رکشے اور کبھی  اسپتال کے باغ اور کبھی بیج سڑک پر  بچے اور خواتین  زندگی اور موت کی کشمکش مبتلاء رہے ہیں  ۔ گزشتہ حکومتوں نے صحت کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے بلندو بانگ دعوے تو بہت کئے مگر ایسے تمام واقعات ان دعووں کے منہ پر طمانچے کے سوا کچھ نہیں۔ پاکستان اورپنجاب میں اب تبدیلی آگئی ہے، دیکھنا یہ ہے کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت کیا صحت کے میدان میں بہتری لانے کیلئے کرادار ادا کر پائے گی یا نہیں۔