Friday, April 26, 2024

جناح اسپتال لاہور سے بھی کورونا ویکسین کی 500 سے زائد ڈوزز غائب

جناح اسپتال لاہور سے بھی کورونا ویکسین کی 500 سے زائد ڈوزز غائب
April 2, 2021

لاہور (92 نیوز) سروسز اور مزنگ ٹیچنگ اسپتال کے بعد جناح اسپتال لاہور سے بھی کورونا ویکسین کی 500 سے زائد ڈوزز غائب ہو گئیں۔ جناح اسپتال اور سروسز اسپتال میں آڈٹ شروع کر دیا گیا جبکہ مزنگ ٹیچنگ اسپتال کو معطل کر دیا گیا ہے۔

اسپتالوں سے کورونا ویکسین کا غائب ہونا معمول بن گیا۔ سروسز اور مزنگ ٹیچنگ اسپتال کے بعد جناح اسپتال سے بھی کورونا ویکسین کی 500  سے زائد ڈوز غائب ہو گئیں۔

اس سے قبل سروسز استپال سے بھی کورونا ویکسین کی 500 سے زائد ڈوز غائب جبکہ مزنگ ٹیچنگ اسپتال میں 350 سے زائد ڈوز خراب ہو گئیں تھیں۔

سروسز اسپتال سے غائب ہونیوالی ویکسین ہیلتھ پروفیشنلز کو لگائی جانی تھی، جس کا ریکارڈ میں کوئی اندراج ہی نہیں ہے جبکہ گورنمنٹ ٹیچنگ اسپتال مزنگ میں ضائع ہونیوالی ویکسین انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے مناسب ٹمریچر نہ ملنے کی وجہ سے ضائع ہوئی۔

محکمہ صحت پنجاب نے ویکسین غائب ہونے پر جناح اسپتال انتظامیہ سے ریکارڈ طلب کر لیا اور محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر نے آڈٹ بھی شروع کردیا۔

ادھر سروسز اسپتال میں بھی آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق سروسز اسپتال میں ویکسین کی کل 5600 ڈوز لگائی گئیں جن میں سے 190 ڈوز ز کا ریکارڈ مشکوک اور 190 افراد کے ہیلتھ ورکرزہونےکا ثبوت نہیں ملا۔

اِدھر وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس لینے کے بعد غفلت برتنے والے ایم ایس مزنگ اسپتال ڈاکٹر منیر احمد غوری کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔