Thursday, April 25, 2024

جنات سے متعلق سنا ہے ، خلائی مخلوق کے بارے میں علم نہیں ، شہباز شریف

جنات سے متعلق  سنا ہے ، خلائی مخلوق کے بارے میں علم نہیں ، شہباز شریف
June 26, 2018
کراچی ( 92 نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے ہی پارٹی قائد نواز شریف کے بیانئے سے لا علمی کا اظہار کر دیا  اور بولے جنات سے متعلق تو سنا ہے مگر  خلائی مخلوق کے بارے میں علم نہیں ۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کراچی میں اپنا دوسرا مصروف دن گزارا ، مخالفین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ گرین لائن منصوبے کے تحت بسیں نہ پہنچنے کی وجہ کچھ لوگوں کا دوسرے ملک میں مٹھائی مانگنا ہے، ن لیگ کو ووٹ دیں بغیر مٹھائی کے بسیں آئیں گی ، خلائی مخلوق سے متعلق سوال کے جواب میں  شہباز شریف نے کہا کہ جنات سے متعلق تو سنا ہے مگر خلائی مخلوق کے بارے میں علم نہیں ہے ۔ عام انتخابات میں ن لیگ کتنی سیٹیں جیتے گی کے جواب میں شہباز شریف نے کہا نجومی یا پیر نہیں ہوں کہ بتا سکوں کہ کتنی سیٹیں لیں گے مگر لوگوں تک اپنا پیغام پہنچائیں گے ۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کراچی کا بڑا مسئلہ ہے  ،  لاہور میں چلنے والی میٹرو کو کراچی میں چلنا چاہیے تھا  ،  ہمیں بھاشا ڈیم بنانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے  ۔ نیب اُن کی بچتوں پر اگر کوئی سوال کرنا چاہتا ہے تو وہ  بھی کر لے اب تو وہ حکومت میں بھی نہیں۔