Thursday, March 28, 2024

جن لوگوں کی طرف کوئی آنکھ نہیں اٹھاتا تھا آج حوالات میں ہیں، چیئرمین نیب

جن لوگوں کی طرف کوئی آنکھ نہیں اٹھاتا تھا آج حوالات میں ہیں، چیئرمین نیب
October 31, 2019
 سکھر (92 نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا جن لوگوں کی طرف کوئی آنکھ نہیں اٹھاتا تھا آج حوالات میں ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے سکھر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کسی کے پیچھے ہمالیہ بھی کھڑا ہے تو ہمارے نزدیک اسکی کوئی حیثیت نہیں۔ سابق کئی وزیر اعلیٰ نیب کیسز کا سامنا کر رہے ہیں۔ میں دو سالوں کا ذمہ دار ہوں۔ میں نے کبھی چہرہ نہیں دیکھا، ہمیشہ کیس کو دیکھا ہے۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا جب تک میں نیب میں ہوں بددیانتی پر کوئی سودا نہیں کروں گا۔ ماضی میں جن لوگوں کی طرف کوئی آنکھ نہیں اٹھاتا تھا آج حوالات میں ہیں۔ مجھے نیب کا وقار اپنے آپ سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال بولے کسی صورت میں برداشت نہیں کیا کوئی جاندار کیس نااہلی کی نذر ہو جائے، نااہلی اور بددیانتی کسی صورت برداشت نہیں ہو گی۔ ہر سفارش اور ہر اپروچ نیب کے گیٹ کے باہر ختم ہو جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا نیب کو کسی کے دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں، کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔ کوشش ہے جلد ازجلد کیسز مکمل ہوں اور رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔ چیئرمین نیب نے اپنے خطاب میں کہا تھانہ کلچر نیب کے کسی دفتر میں نہیں ہونا چاہیے۔ سائل کے ساتھ قول و فعال کے ساتھ بات کریں گے۔ غیرضروری سختی،تھانہ کلچر، گالم گلوچ، مار دھاڑ مجھے پسند نہیں۔ ہتھکڑی کا کلچر نیب نے ختم کر دیا، کسی کو ہتھکڑی لگانے کی ضرورت نہیں۔ چیئرمین نیب نے مزید کہا یہ کہنا کہ نیب بے لگام ہو گیا ہے یہ منفی تاثر ہے۔ ہمارا کیس وائٹ کالر کرائم ہے۔ افسوس ہے کچھ جاندار کیسز میں اصلی ریکارڈ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کسی چیز کا ناجاننا یا علم نہ ہونا بری بات نہیں۔ کچھ ناں سیکھنا، عدالتوں کے فیصلوں کو نہ پڑھنا بری بات ہے۔