Friday, April 26, 2024

جمی اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں حاصل کرنیوالے پہلے فاسٹ باؤلر بن گئے

جمی اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں حاصل کرنیوالے پہلے فاسٹ باؤلر بن گئے
August 25, 2020
ساؤتھمپٹن (92 نیوز) جمی اینڈرسن کا شانداراعزاز، ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے فاسٹ باؤلر بن گئے۔ انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر جمی اینڈرسن کو 17 سال کی سخت محنت اور مقصد سے سچی لگن کا پھل مل گیا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے چوتھے باؤلر بن گئے جبکہ کرکٹ کی تاریخ میں وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے فاسٹ باؤلر ہیں۔ جمی اینڈرسن نے ساؤتھمپٹن میں پاکستان کیخلاف تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں فالو آن کا شکار پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی کو اپنا 600 واں شکار بنایا۔ 38 سالہ جمی اینڈرسن نے 156 ٹیسٹ میچوں میں 26.76 کی اوسط سے 600 وکٹیں حاصل کیں، ساتھی فاسٹ باؤلر اسٹیورٹ براڈ کیساتھ ان کی جوڑی نے کئی کامیابیاں سمیٹیں۔ سوشل میڈیا پر مداحوں اور کرکٹ ماہرین کی جانب سے جمی اینڈرسن کو شاندار کارنامے پر خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 800 وکٹیں جادوگر سری لنکن اسپنر مرلی دھرن نے حاصل کر رکھی ہیں، عظیم  آسٹریلین لیگ اسپنر شین وارن 708 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اوربھارتی اسپنر انیل کمبلے 619 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔