Tuesday, April 16, 2024

جمہوریت کو فوج سے خطرہ نہیں ، احسن اقبال کے بیان سے مایوسی ہوئی ، ڈی جی آئی ایس پی آر

جمہوریت کو فوج سے خطرہ نہیں ، احسن اقبال کے بیان سے مایوسی ہوئی ، ڈی جی آئی ایس پی آر
March 3, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ جمہوریت کو پاک فوج سے کوئی خطرہ نہیں۔ احسن اقبال کے بیان سے مایوسی ہوئی ۔ پاک سر زمین پر مشترکہ آپریشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جی ایچ کیو میں نیوز بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کوئی ایسا کام نہیں ہوگا جو آئین و قانون سے بالاتر ہو ۔ جمہوریت کو پاک فوج سے کوئی خطرہ نہیں ۔ جمہوریت کو خطرہ عوام کی امنگوں کو پورا نہ کر کے ہوسکتا ہے ۔یہاں کھڑا ہو کر کوئی ذاتی بات نہیں بلکہ پاک فوج کا ترجمان بن کر بات کرتا ہوں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ تاریخ میں دیکھیں حالات میں مد و جزر آتے ہیں سکیورٹی اچھی نہیں ہو گی تو معیشت کیسے چلے گی ۔ ہر ذمہ دار شہری ٹیکس دے گا تو ملک مضبوط ہوگا جبکہ گزشتہ سال ٹیکس کولیکشن 9فیصد ہوئی ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کا کلپ دیکھا کر بتایا کہ اس کلپ میں میں نے کہیں نہیں کہا کہ پاکستان کی معیشت گرگئی ہے۔ بطور سپاہی اور پاکستانی احسن اقبال کے بیان پر دکھ ہوا۔ اکانومی سیمینار پر سب نے کھل کر بات کی۔ ترجمان پاک فوج نے کینیڈین شہری کی بازیابی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ملی مغویوں کو افغانستان سے پاکستان منتقل کیا جارہاہے ۔ اغوا کار دو گاڑیوں میں سوار تھے ۔ کارروائی پر گاڑیاں چھوڑ کر قریبی افغان کیمپوں میں چھپ گئے۔ میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ ہم نے بہت کچھ کر لیا ہے سکیورٹی اقدامات کی وجہ سے اچھے نتائج حاصل ہوئے ۔ سکیورٹی کا آپریشن جاری تھا اور اب بھی جاری رہے گا،۔ ہمارے پاس اب ڈومور کی کوئی گنجائش نہیں ۔ ہم وہ کام کریں گے جو پہلے ملک اور خطے کے بہتر میں ہوگا ۔پاکستان کی سرزمین پر کسی مشترکہ آپریشن کا سوال نہیں ہوسکتا۔