Friday, April 26, 2024

جمہوریت کسی بدعنوان کی ڈھال نہیں بن سکتی ، شفقت محمود

جمہوریت کسی بدعنوان کی ڈھال نہیں بن سکتی ، شفقت محمود
February 21, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے  سید خورشید شاہ کی جانب سے اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کا جواب دیتے ہوئے اگر کوئی بد عنوان ہے تو جمہوریت اس کی ڈھال نہیں سکتی ۔ شفقت محمود نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ہمارے دشمن ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، اپوزیشن کو فکر ہی نہیں کہ پلوامہ پر بحث ہونی چاہئے ،ا نہیں پاکستان کی پرواہ ہی نہیں ، احتجاج کرنا ہے تو عدالت میں کریں ، پارلیمنٹ کو ڈھال کیوں بنا رہےہیں ۔ وفاقی وزیر تعلیم نے آغا سراج درانی کی گرفتاری پر کہا کہ اگر کوئی منتخب رکن اسمبلی ہے تو کیا وہ قانون سے بالاتر ہو گیا، قانون کے خلاف عدالت میں جا کر دفاع کریں ، یہاں پر کوئی  لوٹ مار کرنے والوں کےساتھ نہیں ہے ، کیا احتساب کا عمل ختم کردیا جائے ۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اب نیب کو کالا قانون کہا جا رہا ہے ، یہ پہلے کالا قانون کیوں نہ تھا، آپ پانچ سال تک سوئے  تھے ، اٹھارہویں ترمیم بنا سکتے ہیں مگر قانون تبدیل نہیں کر سکتے ؟۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ جو قانون پہلے تھا ، ویسا اب بھی ہے ، میں نیب کا دفاع کرنے نہیں آیا مگر کیا ہم نے پارلیمنٹ اور جمہوریت کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنا ہے ، نیب کے قوانین اور لیڈ شپ میں تبدیلی کرناچاہئے تھی ،  پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن نے نیب چیئرمین کا انتخاب کیا ، معاملے پر نواز شریف سے خورشید شاہ کی مشاورت بھی ہوئی تھی ۔ شفقت محمود کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نشستوں پر کھڑے  رہے ، اپوزیشن ارکان نے ڈیسک بجا کا احتجاج بھی کیا۔