Monday, September 16, 2024

جمہوریت میں اخلاقی جواز ختم ہو جائے تو عہدہ نہیں رکھا جا سکتا: عمران خان

جمہوریت میں اخلاقی جواز ختم ہو جائے تو عہدہ نہیں رکھا جا سکتا: عمران خان
April 15, 2016
لندن (نائنٹی ٹو نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پاناما لیکس کے حوالے سے لندن میں انٹرنیشنل آڈٹ فرم کے نمائندوں سے مشاورت کی ہے۔ کہتے ہیں کہ جمہوریت میں اخلاقی جواز ختم ہو جائے تو عہدہ نہیں رکھا جا سکتا، نہ جانے نوازشریف کو جمہوری اخلاقیات کی سمجھ کیوں نہیں آ رہی۔ پی ٹی آئی چیف جسٹس کی سربراہی میں بننے والے کمیشن کے علاوہ کوئی آپشن قبول نہیں کرے گی۔ پاناما لیکس کی گرد بیٹھنے کا نام نہیں لے رہی۔ معاملے کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کیلئے لندن میں موجود چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آڈٹ فرم ڈیلائٹ کمپنی کے ماہرین سے ملاقات کی ہے، جس میں پاناما لیکس کے انکشافات کے فرانزک ٹیسٹ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے ایک اور فرم سے بھی مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔ اس سے پہلے عمران خان  نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ پاناما لیکس میں نام آنے پر اسپین کے وزیر صنعت نے استعفیٰ دے دیا، ایسا کرنے کیلئے کسی انکوائری کمیشن کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ جمہوریت میں اخلاقی جواز ختم ہو جائے تو عہدہ نہیں رکھا جا سکتا۔ وزیراعظم نوازشریف کو جمہوری اخلاقیات کی سمجھ کیوں نہیں آتی۔ ادھر پانامہ ہنگامے پر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی میل ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے آفتاب شیرپاؤ کے ساتھ بیٹھک کی جس میں آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ حکومت اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائے۔ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہیے۔ ملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت ہماری جدوجہد کو جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا تاثر دے رہی ہے، ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے۔ غیرجانبدار کمیشن کے معاملے پر آفتاب شیرپاؤ کی حمایت حاصل کرنے کے بعد شاہ محمود قریشی  مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ ناصر عباس جعفری کے پاس پہنچ گئے، ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کیخلاف کارروائی سے جمہوریت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہو گا۔