Friday, May 17, 2024

جمہوری نظام بچانے کی ہمیشہ کوشش کی : اعترازاحسن وفاقی حکومت نے سندھ کا حق نہ دیا تو عدالت جائینگے: مراد شاہ

جمہوری نظام بچانے کی ہمیشہ کوشش کی : اعترازاحسن وفاقی حکومت نے سندھ کا حق نہ دیا تو عدالت جائینگے: مراد شاہ
July 2, 2015
اسلام آباد(92نیوز)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کل بھی اپوزیشن تھی آج بھی اپوزیشن ہے،حکومت کا ساتھ کبھی نہیں دیا ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ رہےجبکہ وزیر خزانہ سندھ نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے حق نہ دیا تو عدالت جانے کے ساتھ ساتھ دھرنا بھی دیں گے۔ تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت اور نظام  بچانے کی کوشش کی، اگر اس حکمت سے حکومت کو فائدہ ہوا تو کیا کر سکتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی صورت میں حکومت گرانے کے لئے تیار نہیں ہے، حکومت خود اپنے ہی کارناموں کی وجہ سے گرتی نظر آرہی ہے۔ اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبے عجلت میں مکمل کئے جاتے ہیں اور سندھ کے منصوبے حکمت عملی کے تحت موخر کئے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف سندھ حکومت کے ساتھ خط و کتابت میں بھی اسمبلی والی زبان استعمال کرتے ہیں، حالانکہ حکومتوں کے درمیان خط و کتابت شائستہ انداز میں کی جاتی ہے۔ وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ میں توانائی پیدا کرنے کے اہم منصوبے سنجیدگی سے نہیں لے رہی،سندھ کے ونڈ انرجی کوریڈور سے پچاس ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، وفاق سندھ اور بلوچستان  کو بجلی ادائیگی کی مد میں اوور بلنگ کر رہا ہے، سندھ میں بل وفاقی حکومت اوروزارت پانی و بجلی کی مرضی کے مطابق آتے ہیں،جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کو حیرت انگیز حد تک رعایتں دی جا رہی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بار بار یقین دہانیوں کے باوجود وفاق کی طرف سے تحفظات دور نہیں کئے جا رہے، اگر آئندہ ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں سندھ کی داد رسی نہ کی گئی تو نہ صرف وفاقی حکومت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، بلکہ ضرورت پڑنے پر اسلام آباد میں دھرنا بھی دیں گے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حیسکو اور سیپکو کاانتظام سندھ ھکومت کے حوالے کر دیا جائے، تا کہ لوڈ شیڈنگ میں کمی کی جاسکے۔