Tuesday, April 23, 2024

مولانا فضل الرحمٰن کا سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

مولانا فضل الرحمٰن کا سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
June 10, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن حکومت پر خوب گرجے برسے اور کہا کہ اقتصادی پالیسیاں ہوں یا بین الاقوامی تعلقات، بیروزگاری ہو یا کورونا وائرس، تمام حوالوں سے حکومت اپنی نااہلی ثابت کر چکی۔ اب اسے فوری مستعفی ہو جانا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ملک دیوالیہ ہو چکا ہے اور حکومت کو بجٹ بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ اجلاس کے لیے تمام قواعد و ضوابط معطل کر دیے گئے ہیں۔ ہم اسپیکر کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے کیونکہ یہ سب بجٹ کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے خوف پیدا کیا جارہا ہے، دیگر امراض سے مرنے والے مریضوں کو بھی کورونا میں ڈال دیا جاتا ہے۔ میت گھر والوں کو نہیں دی جا رہی اور تدفین کے عمل کی بے حرمتی کی جا رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ قوم کو جاگتے رہنا چاہیے ، آئین کے باغیوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیئے۔ اسٹیل سٹیل ملز کے ساڑھے نو ہزار ملازمین کو نکالنا حکومت کی نااہلی کی سب سے بڑی دلیل ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن سے لیگی رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ لیگی وفد میں شامل رہنماؤں  رانا ثنااللہ ، خرم دستگیر اور محسن شاہ نواز نے شہباز شریف کا پیغام مولانا فضل الرحمان کو پہنچایا۔