Sunday, May 12, 2024

جمرود کے علاقہ لاشوڑہ کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم

جمرود کے علاقہ لاشوڑہ کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم
September 21, 2020

جمرود ( 92 نیوز) جمرود کے علاقہ لاشوڑہ کے عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، 40 گھرانوں پرمشتمل گاؤں کے مکین دور دراز علاقوں سے پانی لانے پرمجبور ہیں۔

ضلع خیبر کے علاقہ لاشوڑہ کے بچے جو کھیل کود اور پڑھائی کی عمر میں زندگی کی بنیادی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے میلوں دور سے گھر کے لئے پانی لانے پرمجبور ہیں، روزانہ صبح اٹھتے ہی بچوں کا پہلا کام پڑھائی نہیں بلکہ گھر کے لئے پانی لانا ہوتا ہے۔

منتخب ایم پی اے نے علاقہ مکینوں کے ساتھ پانی کی فراہمی کے وعدے تو بہت کئے مگر وہ وعدے صرف وعدے ہی رہے، سینکڑوں افراد پر مشتمل اس گاؤں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ منتخب نمائندگان صرف الیکشن کے دن نظر آتے ہیں اس کے بعد غائب ہو جاتے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے حکومت اور منتخب نمائندگان سے اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کر کے ان کا دیرینہ مسلہ حل کیا جائے۔