Friday, April 26, 2024

جمال خشوگی کے قتل کے وقت کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ نے پھر ہلچل مچا دی

جمال خشوگی کے قتل کے وقت کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ نے پھر ہلچل مچا دی
November 13, 2018
انقرہ (92 نیوز) سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کے وقت کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ نے عالمی میڈیا میں پھر ہلچل مچا دی۔ اپنے باس کو بتا دو کہ کام ہو گیا ہے۔ جمال خشوگی کے قتل سے قبل ترک حکام کی جانب سے ریکارڈ کئے جانے والے یہ وہ الفاظ ہیں، جنہوں نے عالمی سیاست میں ایک بار پھر ہلچل مچا دی۔ عالمی میڈیا نے باس کے لفظ کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے منسلک کر کے سوالات کھڑے کر دئیے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ترکی میں سعودی سفارتخانے میں خشوگی کے قتل سے قبل ریکارڈ ہونے والی آڈیو ترک حکام نے امریکہ کے حوالے کر دی جس میں مبینہ قاتل ٹیم کا ممبر کہہ رہا تھا کہ اپنے باس کو بتا دو کہ مشن مکمل ہو گیا ہے۔ ساتھ ہی عالمی میڈیا نے یہ سوال بھی اٹھا دیا کہ باس کا مطلب کہیں ولی عہد محمد بن سلمان تو نہیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا کہ آڈیو ٹیپ میں ریکارڈ فون کال نے ولی عہد محمد بن سلمان کے ملوث ہونے کی جانب اشارہ دیا ہے۔ آڈیو میں محمد بن سلمان کا نام نہیں لیا گیا لیکن جس شخص نے یہ فون کیا تھا اس کی شناخت ماہر عبدالعزیز مطرب کے نام سے ہوئی ہے۔ ماہر عبدالعزیز ان 15 افراد کی ٹیم میں سے ایک ہے جسے خشوگی کو ختم کرنے کے لئے سعودی عرب سے بھیجا گیا تھا۔