Friday, April 26, 2024

جماعت اسلامی نے وزیراعظم کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کر دی

جماعت اسلامی نے وزیراعظم کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کر دی
January 16, 2017

اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نے غیرقانونی طریقے سے رقوم بیرون ملک بھیجیں۔ آف شور کمپنیاں بنائیں، لندن میں فلیٹس خریدے لیکن پاکستان میں ٹیکس ادا نہیں کیا۔ وہ صادق اور امین نہیں رہے۔ نااہل قرار دیا جائے۔ جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی طرف سے وزیراعظم میاں نوازشریف کےخلاف دائر کی گئی درخواست میں وزیراعظم سمیت وفاق، کابینہ ڈویژن اور سپیکر قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نے غیرقانونی طریقے سے رقوم ملک سے باہر بھیجیں۔ بیرون ملک جائیدادیں اور آف شور کمپنیاں بنائیں۔ لندن میں فلیٹس بھی خریدے۔ اسی وجہ سے ان کی فیملی کا نام پانامہ لیکس میں آیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ لندن فلیٹس خریدتے وقت پاکستان میں ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔ ٹیکس ادا نہ کرنے کی بڑی وجہ رقوم کی غیر قانونی طور پرمنتقلی ہے۔ وزیراعظم نے جان بوجھ کر جائیدادیں چھپائیں۔ خاص طور پر لندن فلیٹس کو چھپایا گیا۔ نوازشریف آرٹیکل 62ون ایف کے تحت صادق اور امین نہیں رہے۔ انہیں نااہل قرار دیا جائے۔