Friday, April 19, 2024

جماعت اسلامی جیت کیلئے پی ٹی آئی اور نون لیگ کی محتاج بن گئی

جماعت اسلامی جیت کیلئے پی ٹی آئی اور نون لیگ کی محتاج بن گئی
October 29, 2015
لاہور (92نیوز) جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے لئے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی دونوں پارٹیوں میں اپنے امیدوار شامل کرا دیئے ہیں۔ سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کے صاحبزادے احمد سلمان بلوچ بلے کے نشان پر جبکہ فرید پراچہ کے بیٹے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہورکی گلیاں اور محلے بلدیاتی الیکشن کی چکاچوندمیں ہیں تو سیاسی جماعتوں کی جانب سے اتحادوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جماعت اسلامی جیسی نظریاتی جماعت بھی الیکشن لڑنے کے لیے بلے کے نشان کی محتاج ہوگئی ہے۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل کے بیٹے احمد بلوچ یونین کونسل 216 سے وائس چیئرمین کا انتخاب تحریک انصاف کے نشان پر لڑ رہے ہیں۔ اس حوالے سے احمدبلوچ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ان کی اتحادی جماعت ہے اور 122 کے الیکشن کے ساتھ ہی ان کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی تھی۔ دوسری جانب ڈپٹی سیکرٹری جنرل فریدپراچہ کے بیٹے فیصل پراچہ ن لیگ کےساتھ ملکر یوسی 259 میں جنرل کونسلر کاالیکشن لڑ رہے ہیں۔ 92 نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل پراچہ کا کہنا تھا یوسی 259 میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد ہواہے اور پوری امید ہے کہ الیکشن جیتیں گے۔