Saturday, April 20, 2024

جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ق) کا پاناما لیکس پر پارلیمانی کمیشن کے قیام کا مطالبہ

جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ق) کا پاناما لیکس پر پارلیمانی کمیشن کے قیام کا مطالبہ
May 23, 2016
لاہور (92نیوز) مسلم لیگ قاف اور جماعت اسلامی نے پاناما لیکس پر پارلیمانی کمیشن کے فوری قیام کا مطالبہ کردیا۔ چودھری شجاعت حسین کہتے ہیں کہ حکومت مسئلے کے حل میں سنجیدہ نہیں جبکہ سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکمران شور شرابہ کر کے معاملے کو دبا نہیں سکتے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ قاف کے رہنماوں نے چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور دیگر قائدین کے ساتھ ظہرانے پر ملاقات کی۔ مسلم لیگ قاف کے وفد نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما مطیع الرحمان کی پھانسی پر تعزیت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے بتایا کہ ملاقات میں قومی ایشوز خاص طور پر پانامہ لیکس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں۔ حکمرانوں نے دولت بیرون ملک چھپا رکھی ہے۔ غریب لوگوں کے مٹکوں میں پانی نہیں جبکہ افسر شاہی کی پانی کی ٹینکیوں اور بیکریوں سے پیسے برآمد ہو رہے ہیں۔ حکومت وقت ضائع کرنے کے بجائے ٹی او آرز کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان حکومت کے اتحادی ہونے کے ناطے حکومت کے حق میں ہی بات کر رہے ہیں۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماوں کی سزاوں کے خلاف حکومت پاکستان کی سرد مہری کو مجرمانہ عمل قرار دیا۔