Thursday, April 18, 2024

جماعت اسلامی الیکشن لڑنے کے بجائے فساد پھیلا رہی ہے’ متحدہ کا الزام

جماعت اسلامی الیکشن لڑنے کے بجائے فساد پھیلا رہی ہے’ متحدہ کا الزام
April 13, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) متحدہ قومی موومنٹ نے الزام لگایا ہے کہ جماعت اسلامی این اے دو سو چھیالیس میں الیکشن لڑنے کے بجائے فساد پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ این اے دو سو چھیالیس سے متحدہ کے امیدوار کنور نوید نے جماعت اسلامی کو طعنہ دیا ہے کہ وہ کراچی کیلئے کوئی منشور نہیں رکھتی۔ ماضی میں بھی مینڈیٹ ملنے پر کچھ نہ کر سکی۔ کنور نوید کا کہنا تھا کراچی میں امیر جماعت اسلامی کی تقریر میں ایم کیو ایم اور الطاف حسین کیخلاف تھی۔ وہ انتظار کر رہے تھے کہ شاید کراچی کے لیے کوئی منشور دیا جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ جماعت کے امیر سراج الحق الطاف حسین پر الزامات لگا کر فساد اور شر انگیزی پھیلانا چاہتے ہیں لیکن متحدہ الطاف بھائی کی امن پسندی اور عدم تشدد کی پالیسی پر گامزن رہے گی۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا این اے دو سو چھیالیس میں مخالفین کی الیکشن مہم کہیں نظر نہیں آرہی وہ صرف کشیدگی کے ذریعے اپنی الیکشن مہم چلا رہے ہیں۔ مخالفین ضمانتیں بچا لیں تو انہیں مبارکباد دیں گے۔ کچھ لوگوں کو انجکشن لگا کر جناح گراؤنڈ بھیجا گیا لیکن وہ برداشت نہیں کرسکے۔ فیصل سبزواری نے کہا دہشت گردوں کو سیاسی سپورٹ فراہم کی گئی۔ دہشت گردوں اور انتہاپسندوں نے پاکستان میں کھلے عام دہشت گردی کی۔ کراچی کے ضمنی انتخاب میں عوام ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی انتخابات کی طرح ضمنی انتخاب میں بھی جماعت اسلامی کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔