Friday, May 10, 2024

جلسہ میں رکاوٹ کے نتائج اچھے نہیں ہونگے، رانا ثنا، قمر زمان کائرہ

جلسہ میں رکاوٹ کے نتائج اچھے نہیں ہونگے، رانا ثنا، قمر زمان کائرہ
December 7, 2020

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثنااللہ کہتے ہیں کہ حکومت نے جلسے میں رکاوٹ ڈالی تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ پیپلزپارٹی رہنماء قمر زمان کائرہ بولے عوام تنگ ہیں حکومت کا جانا ٹھہر گیا، ملک میں کوئی جمہوری حکومت نہیں۔

لاہور میں پی ڈی ایم پنجاب کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، ن لیگی رہنماء رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ قوم تیرہ دسمبر کو بتائے گی موجودہ حکمران نہیں رہ سکتے، جلسہ کا مقام کسی صورت تبدیل نہیں ہو گا، جلسہ کرسیوں پر بیٹھ کر ہو یا کھڑے ہو کر، جلسہ اسی جگہ 1 بجے ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ استعفے اگر دئیے تو ہم نے گھر جا کے نہیں بیٹھ جانا کہ ملک کو خاں صاحب تباہ کرتے رہے ہیں۔ سوچا ہے 500 کارکن ایسے ہوں جو ٹریفک اور سکیورٹی کے نظام دیکھیں گے۔ حکومتی مداخلت، تصادم سے حالت خراب ہوں گے۔

ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اِس ملک سے فاشیزم کا خاتمہ کریں گے۔ ملک کو آئین کے تحت چلایا جائے، اتنا سا ہمارا مطالبہ ہے۔ اگر استعفیٰ دینے کا فیصلہ قیادت کرے گی تو دئیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب ووٹ کو عزت دینی پڑے گی اور عوام کے فیصلے کو ماننا پڑے گا۔ 13 دسمبر کو مرکزی قائدین موجود ہوں گے، جلسہ ہر صورت ہو گا۔

قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ 13 دسمبر کو عوام کو پُرامن طریقہ سے اپنی رائے کا اظہار کرنے دیا جائے۔