Thursday, April 18, 2024

جلسوں کا شیڈول تبدیل‘ پی ٹی آئی فیصل آباد میں جلسہ 20مئی کو کریگی

جلسوں کا شیڈول تبدیل‘ پی ٹی آئی فیصل آباد میں جلسہ 20مئی کو کریگی
May 4, 2016
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف 8 مئی کو نہیں اب 20 مئی کو فیصل آباد میں جلسہ کرے گی۔ پشاور اور بنوں کے جلسے بھی شیڈول کے مطابق 9 اور 11 مئی کو ہوں گے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ خواتین پر حملوں میں پولیس کے کردار سمیت دیگر پہلووں کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے 20 مئی کو فیصل آباد میں جلسے کا اعلان کر دیا۔ عمران خان نے انتظامات کے لیے اعجاز چوہدری کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ 20 مئی کو فیصل آباد میں جمعتہ المبارک کی مقامی چھٹی بھی ہو گی۔ اس سے قبل عمران خان نے فیصل آباد میں 8 مئی کو جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ چیئرمین تحریک انصا ف عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں خواتین پر حملے منصوبہ بندی سے کئے گئے۔ مسلم لیگی کارکنوں کی گھناونی سازش کا مقصد مرکزی سیاست میں خواتین کے کردار کو محدود کرنا ہے۔ کپتان نے 9 مئی کو پشاور اور 11 مئی کو بنوں میں جلسہ کرنے کا شیڈول بھی جاری کردیا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیصل آباد میں جلسے کے حوالے سے پی ٹی آئی دو دھڑوں میں تقسیم ہے۔ ایک دھڑے نے 35 رہنماوں کی جانب سے عمران خان کو خط لکھ کر بتایا کہ اگر جلسے کے انتظامات دوسرے دھڑے کو دیے گئے تو وہ پارٹی چھوڑ دیں گے۔ جلسے کے 2 کروڑ اخراجات اور گروہ بندی نے ناصرف کپتان کو پریشان کر رکھا ہے بلکہ انہیں جلسے کی تاریخ بھی تبدیل کرنا پڑی۔