Friday, April 19, 2024

جغرافیائی معلومات کے تبادلے کا معاہدہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرے گا ، ترجمان دفتر خارجہ

جغرافیائی معلومات کے تبادلے کا معاہدہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرے گا ، ترجمان دفتر خارجہ
October 27, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے جغرافیائی معلومات کے تبادلے کا معاہدہ خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرے گا۔ امریکا اور بھارت کا سیٹلائٹ ڈیٹا کی فراہمی کا دفاعی معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر دستخط امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے دورہ بھارت میں ہوئے۔ معاہدے کے نتیجے میں میزائلوں اور ڈرونز سے اہداف کو ٹھیک نشانہ بنانے میں مدد ملے گی۔ پاکستان نے معاہدے پر اظہار تشویش کیا اور کہا بھارت کو جدید فوجی ہتھیار، دفاعی ٹیکنالوجی کی فراہمی پر تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ ہندوستان کو اسلحہ کی فراہمی جنوبی ایشیاء میں تذویراتی عدم استحکام کا باعث ہے۔ بھارت بڑے پیمانے پر اسلحہ خرید، جوہری فورسز میں وسعت لا رہا ہے۔ بھارتی طرز عمل علاقائی امن و استحکام کیلئے شدید خطرہ ہے۔ بھارت کے حالیہ میزائل تجربوں کی شرح کئی گنا بڑھ چکی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہندوستان کا طرز عمل خطرناک روایتی، جوہری عزائم کا عکاس ہے۔ عالمی ماہرین بھارت کو جدید ٹیکنالوجی کی تجارت میں چھپے فوجی مقاصد کے خدشات کا اظہار کر چکے۔ بھارت عالمی اصولوں، جنوبی ایشیاء کے تذویراتی استحکام پر منفی اثرات کا باعث ہے۔ ہندوستان اپنے طرز عمل سے عالمی برآمدی کنٹرول قواعد کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ ہندوستان دنیا میں جوہری عدم پھیلاؤ کے مقاصد کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے۔