Sunday, September 8, 2024

جعلی ڈگری کیس ، سپریم کورٹ کا این اے153 میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم

جعلی ڈگری کیس ، سپریم کورٹ کا این اے153 میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم
January 21, 2016
  اسلام آباد(92نیوز)جعلی ڈگری ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی کی سیٹ لے گئی، سپریم کورٹ نے جلال پور پیر والا سے قومی اسمبلی کی نششت این اے 153 میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔ انتخابی عذرداری کیس میں ن لیگ کے دیوان عاشق بخاری کو گھر جانا پڑا۔ تفصیلات کےمطابق این اے 153 جلال پور پیر والا  سے الیکشن 2013 میں منتخب ہونے والے ن لیگ کے دیوان عاشق بخاری کو ہار کا منہ اس وقت دیکھنا پڑا جب سپریم کورٹ نے حلقے میں دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا جبکہ ڈھائی سال سے ممبر قومی اسمبلی کی نشست پر براجمان دیوان عاشق کو ڈی سیٹ کردیا۔ انتخابی عذرداری کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ 17 اکتوبر 2014 کو الیکشن ٹریبیونل نے حلقے کے الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا، وجہ بنی وہ جعلی تعلیمی اسناد جو کاغذات نامزدگی کے ساتھ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئیں، چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ بھلا کیسے کوئی ماسٹرز کی ڈگری رکھ سکتا ہے جبکہ اس نے انٹر بھی نہ کیا ہو۔ دیوان عاشق چورانوے ہزار ووٹوں کے ساتھ نشست جیت گئے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے قاسم نون دوسرے نمبر پر رہے تھے ، الیکشن ٹریبیونل ملتان نے 29 نومبر کو حلقے میں دوبارہ انتخاب کا حکم دیا تو دیوان عاشق اپیل میں سپریم کورٹ جا پہنچے۔ تاہم سپریم کورٹ نے بھی پیپلزپارٹی کی الیکشن ٹریبیونل کے سامنے اپیل کو تسلیم کیا اور الیکشن کمیشن کو حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔